کرائے کے معاملے پر تکرار، خاتون کو تھپڑ مارنے والا رکشہ ڈرائیور گرفتار
04-01-2024
(لاہور نیوز) کرائے کے معاملے پر تکرار کے دوران خاتون مسافر کو تھپڑ مارنے والا رکشہ ڈرائیور قانون کے شکنجے میں آگیا۔
ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق گارڈن ٹاؤن کے علاقے میں خاتون کی رکشہ ڈرائیور سے کرائے کے معاملے پر تکرار ہوئی،رکشہ ڈرائیور نے طیش میں آکر خاتون کو تھپڑ مار دیا۔ اتھارٹی ترجمان نے بتایا کہ خاتون نے 15 پولیس ایمرجنسی نمبر پر کال کی،سیف سٹی ٹیم نے خاتون کی شکایت پر فوراً پولیس کو موقع پر بھجوایا،سیف سٹی کیمروں سے ملزم کو ٹریس کیا اور گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ ترجمان نے مزید کہا ہے کہ خواتین اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موبائل میں "ویمن سیفٹی ایپ" انسٹال کریں، خواتین ویمن سیفٹی ایپ کے الرٹ 15 اور لائیو چیٹ فیچرز سے فوری مدد حاصل کرسکتی ہیں،اب تک 3 لاکھ سے زائد خواتین پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ انسٹال کر چکی ہیں۔