یومِ شہادت علیؓ: شہر کی کئی شاہراہیں عام ٹریفک کیلئےبند ہوں گی

03-31-2024

(ویب ڈیسک) : یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک ایڈوائزری پلان مرتب کر کے انتظامات مکمل کر لئے گئے۔

ذرائع کے مطابق مرکزی جلوس سے متصل علاقوں میں کچھ سڑکیں عام ٹریفک کے لئے بند کی جائیں گی جبکہ جلوس کی جانب آنے والے تمام راستوں سے ٹریفک ڈائیورٹ کر کے متبادل راستوں سے گزاری جائے گی۔ یوم شہادت حضرت علیؓ کا جلوس کل پیر کے روز صبح  تقریباً 10بجے مبارک حویلی اندرون اکبری گیٹ سے برآمد ہوکر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور  عمارہ اطہر نے بتایا ہے کہ مرکزی جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کی گاڑیوں کیلئے 08 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ دہلی دروازہ،  اڈا کراؤن پلازہ، موچی  دروازہ باغ کے پوائنٹس پارکنگ کےلئے مختص کئے گئے ہیں، ڈی پلازہ نزد رنگ محل اور سینٹرل ماڈل ہائی سکول کو بھی پارکنگ کےلئے مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح  داتا دربار آئی ہسپتال،  ڈپٹی کمشنر آفس کی پارکنگ اور گریٹر اقبال پارک میں بھی جلوس میں شرکت کے لئے آنے والے گاڑیاں پارک کر  سکیں گے۔ سی ٹی او کا کہنا تھا کہ ماتمی جلوس کے گرد و پیش میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے چارڈی ایس پیز، 118 انسپکٹرز اور 696 وارڈنز ڈیوٹی پر موجود ہوں گے جبکہ10 فوک لفٹرز اور 02 بریک ڈاؤن بھی موقع پر موجود ہوں گے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق   آزادی فلائی اوور سے تمام ٹریفک کو ریلوے سٹیشن کی جانب بھجوایا جائے گا جبکہ کچہری چوک اور آزادی فلائی اوور سے کربلا گامے شاہ کی جانب  راستہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہوگا۔ حکام نے بتایا ہے کہ کچہری چوک سے تمام ٹریفک کو آؤٹ فال روڈ، سگیاں اور رنگ روڈ پر  ڈائیورٹ کیا جائے گا جبکہ سرکلر روڈ کی طرف سے آنے والی تمام ٹریفک کو شاہ عالم چوک سے میو ہسپتال کی جانب اردو بازار بھجوایا جائے گا۔ علاوہ ازیں موری گیٹ سے بھاٹی چوک کی طرف جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہوگی، پانی والا تالاب کی جانب سے رنگ محل کی جانب سڑک بند ہوگی جبکہ چوک میلاد سے اندرون دہلی گیٹ، مسجد وزیر خان کی طرف جانے والی سڑک بھی  ہر قسم کی ٹریفک  کیلئے بند رہے گی۔