اقلیتوں کی طرف اٹھنے والی ہر نظر کو آہنی ہاتھوں سے روکوں گی، مریم نواز

03-31-2024

(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میں اقلیتوں کی طرف اٹھنے والی ہر نظر اور ہر ہاتھ کو آہنی ہاتھوں سے روکوں گی۔

شیخوپورہ میں ایسٹر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ سب کو میری طرف سے ایسٹر کی بہت  مبارک ہو، آپ کی خوشیوں میں شریک ہونے کیلئے یہاں آئی ہوں، میں اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ میری تربیت ایسے والد نے کی جنہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے لیے اقلیت کا لفظ استعمال کرنا غیر مناسب ہے، میں آپ کو یہ بتانے آئی ہوں کہ آپ میرے اور میں آپ کی ہوں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ہیں، مسیحی برادری کی پاکستانی قوم اور ملک کے لیے جو خدمات ہیں ان کا دل کی گہرائیوں سے اعتراف کرتی ہوں، ہر شعبے میں جس طرح آپ نے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار نبھایا میں اس کی قدردان ہوں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرا ایک خواب ہے کہ پاکستان ایسا ملک ہو جہاں اکثریت اور اقلیت مل کر رہیں، آپ کی عبادت گاہیں محفوظ ہوں، آپ کو پورا تحفظ ملے، کوئی عقیدے کی بنیاد پر آپ کو تکلیف نہ پہنچا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ  ایک وقت تھا جب صبح شام ہمارے نیب کورٹ میں چکر لگتے تھے، جب نیب کورٹ جاتی تھی تو مریم آباد کے بورڈ پر نظر پڑتی تھی اور میرا دل یہاں آنے کو کرتا تھا، خوش ہوں آج مجھے مریم آباد آنے کا موقع ملا، جس محبت اور شفقت سے آپ نے استقبال کیا، آپ سب کا شکریہ۔