بچپن میں خواہش تھی جلد شادی اور بہت سارے بچے ہوں: فضا علی

03-31-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ و ماڈل فضا علی نے کہا ہے کہ میری بچپن میں خواہش تھی کہ جلد شادی ہو اور بہت سے بچے ہوں۔

حال ہی میں اداکارہ فضا علی ایک انٹرویو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے نشیب و فراز کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں فضا علی نے کہا کہ میں بچپن میں جلد دلہن بننا چاہتی تھی اور میری خواہش تھی کہ میرے بہت سارے بچے ہوں لیکن اب میں اپنے تجربات سے خوفزدہ ہوں اور شاید میں دوبارہ کبھی شادی نہیں کروں گی۔ زندگی میں سب سے بڑے بچھتاوے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بچپن میں رونے پر میری ماں مجھے روکتی تھیں اور چپ نہ ہونے پر مجھے مار پڑتی تھی، ایسے ردعمل پر میں نے اپنی والدہ کے سامنے رونا چھوڑ دیا۔ فضا علی کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا عمل تھا جو میں نے اپنی زندگی میں جاری رکھا، مجھے اب یاد آتا ہے کہ میں اپنی ماں کے سامنے دوبارہ کبھی نہیں رو سکی۔