پابندی کے باوجود پتنگ بازمتحرک، پولیس روکنے میں ناکام
03-31-2024
(لاہور نیوز) پابندی کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں خونی کھیل جاری جبکہ پولیس روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
چھٹی کے روز صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں گجر پورہ، جانی پورہ چوک، اتوار بازار، فیکٹری ایریا کوٹ لکھپت، کاہنہ، شاہدرہ ، بادامی باغ، راوی روڈ، شاہدرہ ٹاؤن ، ہربنس پورہ، مغلپورہ میں پتنگ باز متحرک نظرآئے۔ شہرمیں گزشتہ روز بھی خونی ڈور پھرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے تھے جبکہ متعلقہ ایس ایچ اوز بڑے ڈیلروں کو پکڑنے کی بجائے معمولی افراد کو پکڑ کر اعلیٰ افسران کوسب اچھے کی رپورٹ دینے لگے۔ دوسری جانب لاہور پولیس نے عید قریب آتے ہی پتنگ بازوں سے دیہاڑیوں کا سلسلہ شروع کردیا،ایس ایچ اوز پتنگ بازی کا خونی کھیل روکنے کی بجائے ذاتی کاموں میں مصروف نظر آنے لگے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے سفارشی ایس ایچ اوز کے بجائے کرائم فائٹر ایس ایچ اوز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پتنگ بازی کے خونی کھیل کو روکنے اورذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے رکھا ہے۔