پاکستان ریجنل کپ: ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان

03-30-2024

(لاہورنیوز ) پاکستان ریجنل کپ کیلئے ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی4  رکنی قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے 6 سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں 25 روزہ ٹورنامنٹ میں6  ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی،ہر میچ 50 اوورز پر مشتمل ہوگا، ون ڈے ٹورنامنٹ 17 اپریل سے شروع ہوگا اور 11 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کا فائنل اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا ، جن 6 ریجنز کی ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہی ہیں ان میں کراچی ، لاہور، ملتان ، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی ریجن کی ٹیمیں شامل ہیں۔ سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا جس میں ہر ٹیم کو کم از کم 10 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا، 25 روزہ ٹورنامنٹ میں کل 31 میچ کھیلے جائیں گے، میچ کا آغاز صبح ساڑھے نو بجے ہوگا، کراچی اور لاہورکی ٹیمیں 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گی جبکہ دیگر ریجن کی ٹیمیں 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر ٹیم 5  ریزرو کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، اس طرح 6 ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے کل 90 کھلاڑی دستیاب ہوں گے۔