لاہور میں بنایا جانیوالا سائیکلنگ ٹریک تباہ حالی کا شکار، نشئیوں کی آماجگاہ بن گیا

03-30-2024

(ویب ڈیسک) لاہور میں بنایا جانے والا پہلا سائیکلنگ ٹریک ضلعی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث تباہ حالی کا شکار ہو چکا ہے۔

تفصیلات کےمطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ شہریوں کیلئے سائیکلنگ کا ٹریک بنا کر بھول گئی اور اب یہ ٹریک سائیکلسٹوں کا تو نہیں البتہ نشئیوں کی آماجگاہ اور آوارہ جانوروں کا مسکن بن چکا ہے۔لاہور کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 3 سال قبل اپنی نوعیت کا یہ پہلا سائیکلنگ ٹریک ان دعوؤں کے ساتھ بنایا گیا تھا کہ یہ بی آر بی لنک کینال کے کنارے پہلا ’انٹرٹینمنٹ ہب‘ ہوگا۔ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہاں فوڈ کورٹ بنائی جائے گی، شہریوں کو سائیکلیں دستیاب ہوں گی اور واک کے شوقین افراد کیلئے جاگنگ ٹریک الگ ہوگا۔لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے، سائیکلنگ ٹریک کے جنگلے گل سڑ چکے ہیں، نشہ کرنے والے افراد جنگلوں کو توڑ کرلے جاتے ہیں جبکہ ٹریک کا نام و نشان بھی ختم ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عرصہ دراز سے کسی کو یہاں سائیکلنگ یا جاگنگ کرتے نہیں دیکھا، ٹریک پر انسان اور سائیکلیں تو نہیں تاہم کتے بھاگتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کیلئے ایک اچھی تفریح گاہ تو بنائی گئی لیکن اب ضلعی انتظامیہ کو شاید بھول چکا ہے کہ کوئی سائیکلنگ یا جاگنگ ٹریک بنایا بھی گیا تھا۔