ہائیکورٹ ججز کے الزامات: انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری، جسٹس(ر) تصدق جیلانی سربراہ مقرر

03-30-2024

(لاہور نیوز) وفاقی کابینہ نے ہائیکورٹ ججز کے الزامات پر انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق جسٹس (ر) تصدق جیلانی انکوائری کمیشن کے سربراہ مقرر ہو گئے، جسٹس (ر) تصدق جیلانی پر مشتمل ایک رکنی کمیشن ہو گا، وزیر اعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات میں انکوائری کمیشن پر اتفاق ہوا تھا۔ وفاقی کابینہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے کابینہ اجلاس میں اٹارنی جنرل کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا اور ان سے اس معاملے پر قانونی رائے لی گئی۔ ذرائع  نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی سے بھی باضابطہ طور پر رابطہ کر لیا گیا ہے اور قانونی ٹیم کو بھی یہ بتا دیا گیا ہے کہ کابینہ نے سابق چیف جسٹس کے نام پر اتفاق کیا ہے اور کابینہ نے انہیں مکمل مینڈیٹ دیا ہے کہ تحقیقات میں انہیں جس ادارے کی مدد درکار ہو وہ لے سکتے ہیں۔ وفاقی کابینہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی قانونی ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے کہ ان سے اس حوالے سے جو طے پایا تھا کابینہ نے اس پر عملدرآمد کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز بھی طے کر دیئے ہیں جن کا باضابطہ اعلان پریس ریلیز میں کیا جائے گا۔ معاملہ حساس، صاف وشفاف تحقیقات کی جائیں گی: جسٹس (ر) تصدق جیلانی انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) تصدق جیلانی نے ’دنیا نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ حساس نوعیت کا ہے اس میں صاف وشفاف تحقیقات کی جائیں گی، یہ ایک بڑا چیلنج ہے، قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔