برازیل سے اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

03-30-2024

(ویب ڈیسک) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت برازیل سے درآمد شدہ اعلیٰ نسل کے مویشیوں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔

امریکی کمپنی کا کارگو طیارہ کھیپ لے کر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ 22.5 گھنٹے پر محیط یہ پرواز برازیل کے شہر ساؤپاؤلو سے اڑان بھر کر انگولا اور عمان سے ہوتی ہوئی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اتری، 9044 میل کا سفر طے کرنے والی یہ پرواز تاریخ کی لمبی ترین پرواز بن گئی۔ یہ عمل ایس آئی ایف سی کے تحت قائم کئے گئے گرین پاکستان لائیو سٹاک انیشیٹیو کو بہتر بنانے میں موثر کردار ادا کرے گا۔ اس تاریخی برآمد کی سہولت کاری میں ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ، فان گرو پرائیویٹ لمیٹڈ بھی شامل ہے، برازیلین سفیر اور برازیل میں تعینات پاکستانی سفیر نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ مویشی مقامی کسانوں کو گوشت اور دودھ کی ضروریات کے تحت فراہم کئے جا رہے ہیں، نو نسلوں پر مشتمل مویشیوں میں پاکستان کی مقامی اور برازیل کی نسلیں شامل ہیں، پاکستان کی مقامی نسلوں میں لال سندھی، گزیرہ، براہمن اور گیر شامل ہیں، ان نسلوں کو برازیل نے پاکستان سے 1950 ء میں حاصل کیا تھا۔ مویشیوں کو سیالکوٹ سے اوکاڑہ پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کو دو ہفتے کیلئے کورنٹائن میں رکھا جائے گا۔