وزیر تعلیم نے ساندہ میں نقل کرواتے عملہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا

03-29-2024

(لاہور نیوز) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی خفیہ ٹیمیں امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ میں مصروف عمل ہیں۔

ساندہ میں نقل کا بازار گرم ہے، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اطلاع ملتے ہی متعلقہ امتحانی مرکز پہنچ گئے، گورنمنٹ ایم آئی ہیپی سکول نیشنل ٹاؤن ساندہ میں بڑے پیمانے پر نقل کی جا رہی تھی، وزیر تعلیم نے نقل کرواتے عملہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، وزیر تعلیم کے اچانک پہنچنے پر نگران عملہ حواس باختہ ہو گیا۔  وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا ہے سپرنٹنڈنٹ اور نگران عملہ نقل میں ملوث پایا گیا، بعض امیدوار دوسرے امیدواروں کی جگہ پرچہ دیتے بھی پائے گئے، سینٹر میں 300 سے زائد طلبہ امتحان دے رہے تھے، نقل کے جرم میں ملوث عملہ کے 5 افراد گرفتار کروا دیئے، طلبہ سے بیانات بھی لئے۔ ان کا کہنا تھا میرے اور مریم نواز کے ہوتے ہوئے بوٹی مافیا کو پنپنے کی اجازت نہیں ملے گی، بوٹی مافیا کی ہر صورت سرکوبی کی جائے گی، طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جا سکتی، جب تک مریم نواز اور رانا سکندر حکومت میں ہیں، بوٹی مافیا کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا بوٹی مافیا کو متنبہ کر رہا ہوں کوئی بھی ریڈ لائن عبور نہ کرے، ریڈ لائن عبور کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔