وزیر اعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی
03-29-2024
(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل نو کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، مشترکہ مفادات کونسل کی تاریخ میں پہلی بار وزیر خزانہ کی جگہ وزیر خارجہ کو شامل کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 8 رکنی مشترکہ مفادات کونسل کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف ہوں گے، مشترکہ مفادات کونسل میں چاروں وزرائے اعلیٰ بطور ممبران شامل ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو بطور رکن مشترکہ مفادات کونسل میں شامل کیا گیا ہے جبکہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وزیر سیفران انجینئر امیر مقام بھی مشترکہ مفادات کونسل کے ممبر ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل 21 مارچ 2024سے وجود میں آگئی ہے۔