پاک کیویز ٹی20 سیریز: ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع

03-29-2024

(لاہور نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو گی۔

پی سی بی کے مطابق پہلے مرحلے میں آن لائن ٹکٹوں کی پری بکنگ آج شام 5 بجے pcb.tcs.com.pk پر شروع ہوگی جب کہ آؤٹ لیٹ ایڈریس کے ساتھ ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کی ٹکٹیں کم از کم 500 روپے (پریمیم) اور زیادہ سے زیادہ ساڑھے 7 ہزار روپے (وی وی آئی پی گیلری) میں دستیاب ہوں گی۔  ہاسپٹیلٹی نشستیں زیادہ سے زیادہ 15 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی جب کہ پہلے ٹی20 کے لیے ہاسپٹیلٹی نشستیں 12 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی۔ لاہور میں کھیلے جانے والے میچوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت جنرل نشست  کے لیے 300 روپے سے شروع ہو گی اور چوتھے ٹی 20 کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹکٹ کی قیمت 6 ہزار روپے جب کہ پانچویں ٹی 20 میں وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹ 7 ہزار روپے میں دستیاب ہو گی۔  اس کے علاوہ فار اینڈ بلڈنگ میں واقع ہاسپٹیلٹی باکس بھی دستیاب ہوں گے، جمعرات 25 اپریل کے میچ کے لیے ہاسپٹیلٹی باکس 6 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگا جب کہ ہفتہ 27 اپریل کے میچ کے لیے باکس 7 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگا۔ واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی جبکہ 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، سیریز کے میچز شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔