غیر قانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہٰی و دیگر ملزمان فرد جرم کیلئے طلب

03-29-2024

(لاہور نیوز) اینٹی کرپشن عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی و دیگر ملزمان کو فرد جرم کیلئے طلب کرلیا۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا، عدالت نے چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان کو 4 اپریل کو فرد جرم کے لیے طلب کیا۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ سینٹرل جیل راولپنڈی نے پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹس جمع کروائیں،  17 مارچ کو رہنما تحریک انصاف واش روم میں گر گئے، گرنے سے پرویز الہٰی کی پسلی فریکچر ہوئی۔ عدالتی حکم میں مزید لکھا گیا کہ میڈیکل افسر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو  دو ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے، ملزم کو عدالت پیش نہ کیاگیا جس کے باعث فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔