قیادت میں تبدیلی کی خبریں، بورڈ نے شاہین کو تاحال اعتماد میں نہ لیا
03-29-2024
(ویب ڈیسک) قیادت میں ممکنہ تبدیلی کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال ٹی 20 کپتان شاہین شاہ آفریدی کو اعتماد میں نہیں لیا۔
قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کی اطلاعات کئی روز سے زیر گردش ہیں۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام بابر اعظم کو ایک بار پھر قومی ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپنے کا تقریباً ذہن بنا چکے، البتہ وہ سابقہ تجربے کی وجہ سے بعض یقین دہانیاں چاہتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پلان بی کے طور پر محمد رضوان بھی موجود ہیں، اگر بابر کو نہیں منایا جا سکا تو رضوان کو ذمہ داری سونپ دی جائے گی۔ اس تمام صورتحال میں سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ بورڈ کی جانب سے ٹی 20 کپتان شاہین شاہ آفریدی کو تاحال اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ قریبی ذرائع نے تصدیق کی کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور نہ ہی کسی بورڈ آفیشل نے شاہین سے کوئی رابطہ کیا ہے، انہیں بھی میڈیا رپورٹس سے ہی معلوم ہوا کہ قیادت سے ہٹانے کی بات چیت چل رہی ہے۔ واضح رہے کہ سابق کپتان شاہد آفریدی سمیت دیگر کئی سابق کرکٹرز صرف ایک سیریز کے بعد شاہین کی ممکنہ برطرفی کو ناانصافی قرار دے رہے ہیں جبکہ بعض حلقوں نے شاہین کو تاحال معاملے پر اعتماد میں نہ لینے پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔