سروسز ہسپتال میں کرپشن کی داستان، ایم ایس من پسند کمپنیوں پر مہربان

03-29-2024

لاہور: (محمد بلال) سروسز ہسپتال میں کرپشن اور بڑے پیمانے پر لوٹ مار کا انکشاف ہوا ہے۔

ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیر ملک نے چہیتی  کمپنیوں پر نوازشات کے انبار لگا دیئے،  بلا  ضرورت   8 کروڑ 31 لاکھ 60 ہزار روپے کے مہنگے  گلوز خرید لیے۔  لاہور نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق  فروری میں سرجیکل سامان کے مجموعی 7  کروڑ روپے کے بجٹ میں سے 3 کروڑ 28 لاکھ روپے کے سرجیکل گلوز خریدے گئے۔  دستاویزات کے مطابق مارچ میں 4 کروڑ روپے سے زائد کے  بجٹ  میں سے ایک کروڑ 17 لاکھ روپے کے سرجیکل گلوز منگوائے  گئے  جبکہ کک بیک کی خاطر  5 کروڑ 13 لاکھ 69 ہزار روپے کی ادائیگی بھی کر دی گئی ۔ سروسز ہسپتال ذرائع کے مطابق سرجیکل گلوز صرف آپریشن تھیٹر میں استعمال ہوتے ہیں جبکہ ہسپتال کے بیشتر آپریشن تھیٹرز ری ویمپنگ کی وجہ سے بند ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ  جان بچانے والی ادویات کی بجائے مہنگے داموں سرجیکل گلوز خریدے گئے ہیں، ایم ایس ڈاکٹر منیر ملک نے اعلیٰ انتظامی عہدوں  پر بھی پیسے لیکر من پسند افراد کو لگایا اور مہینہ وار پیسےالگ وصول کیے۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ سرجیکل گلوز  کی بلاجواز اور مہنگے داموں خریداری  کی مکمل تحقیقات ہونگی  جبکہ ہسپتال کے معاملات  کابھی آڈٹ کرایا جائے گا۔