پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کا انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان مسترد
03-29-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کا انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان مسترد کر دیا۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں کمیشن سے تحقیقات کرانے کا حکومتی اعلان مسترد کیا۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں ملکی عدلیہ اور قانونی مفاد سے جڑے اس حساس ترین معاملے پر چیف جسٹس کی وزیراعظم سے ملاقات پر نہایت تشویش کا اظہار کیا گیا، معاملے کو عدالتِ عظمیٰ کے لارجر بینچ کے سامنے رکھنے اور کھلی عدالت میں اس پر کارروائی کے مطالبے کا اعادہ کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 6 ججز کے خط پر اتوار کو پشاور میں ریلی نکالیں گے، ریلی میں ایم این ایز، ایم پی ایز بھی شرکت کریں گے، ریلی کا ایک ہی مقصد عدلیہ کی آزادی اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو گا۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ عدلیہ کا احترام کیا، آج بھی ہم عدلیہ کےساتھ کھڑے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے کیسز کے حوالے سے چیف جسٹس کو تفصیلی خط لکھیں گے۔ اس موقع پر شیر افضل مروت نے کہا کہ خط سپریم جوڈیشل کونسل کولکھا گیا، سپریم جوڈیشل کونسل نے خط سپریم کورٹ کے سامنے رکھ دیا ہے، ہم توقع رکھتے ہیں سپریم کورٹ اس مسئلے کو قالین کے نیچے نہیں دبائے گی۔ لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ 6 ججز کی نہیں باقی تمام صوبوں میں بھی یہی کیفیت ہے، 6 ججز کے مراسلے نے بانی پی ٹی آئی کے مؤقف کو سچ ثابت کر دیا۔