ماہرین نے گھریلو کاموں میں استعمال ہونیوالےکیمیکلز کو دماغی صحت کیلئے خطرہ قرار دےدیا

03-28-2024

(ویب ڈیسک) ماہرین کاکہنا ہے کہ گھریلو کام کاج میں استعمال ہونے والے بہت سے کیمیکلز جن میں بالوں کی مصنوعات ، فرنیچر اسپرے اور جراثیم کش ادویات شامل ہیں، دماغی صحت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بہت سے گھریلو کیمیکلز اعصابی امراض جیسے کہ ملٹیپل اسکلیروسس اور آٹزم کا خطرہ بن سکتے ہیں۔ مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ 1,823 عام کیمیکلز کی جانچ پڑتال میں سے 292 کیمیکلز کی خاص اقسام دماغی خلیے ’اولیگوڈینڈروسائٹ‘ کیلیے زہریلی ہیں۔ اولیگوڈینڈروسائٹ وہ خلیے ہیں جو اعصابی خلیوں کے گرد ایک حفاظتی موصلیت پیدا کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ مطالعے کے سرکردہ مصنف نے کہا کہ اولیگوڈینڈروسائٹس کا نقصان ملٹیپل اسکلیروسس اور دیگر اعصابی امراض کی نشاندہی کرتا ہے۔محققین کی ٹیم میں شامل ایک پروفیسر نے کہا کہ اب یہ ثابت ہوگیا ہے کہ گھریلو مصنوعات میں ایسے مخصوص کیمیکلز موجود ہوتے ہیں جو اولیگوڈینڈروسائٹس کو براہ راست نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں اعصابی بیماری سے منسلک کیمیکلز کے عناصر غیرواضح تھے تاہم یہ حالیہ تحقیق کیمیکلز سے متعلق عناصر کو زیادہ واضح کردیتی ہے۔