وفاقی حکومت نے آٹا برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی

03-28-2024

(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے آٹا برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے برآمد کنندگان کو آٹا برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے، اس حوالے سے وزارت تجارت کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق صرف درآمدی گندم سے تیار آٹا برآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ صرف برآمدی مقاصد کیلئے درآمدی گندم سے تیار آٹا ہی برآمد ہو سکے گا۔ حکومت نے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کرتے ہوئے آٹا برآمد کرنے کی اجازت ایکسپورٹ سہولت سکیم 2021 کے تحت دی ہے۔ اس حوالے سے حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کے تسلی بخش اور وافر ذخائر موجود ہیں، رواں سال گندم کی کاشت مقررہ ہدف سے 1.8 فیصد زائد ہوئی ہے اور رواں سال گندم کا پیداواری ہدف 32.1 ملین ٹن بھی حاصل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نگران حکومت نے سرکاری سطح پر گندم کی درآمد روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔