سنی اتحاد کونسل کے احمر رشید بھٹی نے حلف اٹھا لیا

03-28-2024

(لاہور نیوز) سنی اتحاد کونسل کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی احمر رشید بھٹی نے حلف اٹھا لیا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 36 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، سپیکر ملک محمد احمد خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے آغاز پر سنی اتحاد کونسل کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی احمر رشید بھٹی نے حلف اٹھا لیا، سپیکر ملک محمد احمد خان نے نومنتخب رکن اسمبلی سے حلف لیا۔ قبل ازیں اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں احمر رشید بھٹی کا کہنا تھا کہ 10 ماہ سے ملک پر ظلم و بربریت قائم ہے،  سینکڑوں لوگ جیلوں میں ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں،  عدلیہ سے التماس ہے  جیلوں میں قید بے گناہ افراد کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ  سیاسی قیدیوں کو رہا کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،  پارٹی قائدین نے مال روڈ پر احتجاج کیا ان پر دہشت گردی کی ایف آئی آر کاٹ دی گئی،  ایوان میں بیٹھے لوگ ہمارا مینڈیٹ چوری کرکے بیٹھے ہیں، عدلیہ انتخابات کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنائے۔