صاحبہ کی زندگی میں پہلی بار اپنے والد سے ملاقات، جذباتی ویڈیو وائرل

03-28-2024

(ویب ڈیسک) ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ صاحبہ کی زندگی میں پہلی بار اپنے بوڑھے والد سے ملاقات ہو گئی جس کی جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

گزشتہ ماہ ایک انٹرویو کے دوران صاحبہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے کبھی اپنے سگے والد کو نہیں دیکھا اور نہ ہی کبھی ان سے ملاقات ہوئی کیونکہ اداکارہ کی پیدائش سے پہلے ہی ان کے والدین کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔ صاحبہ کا کہنا تھا کہ ان کی پیدائش کے بعد بھی والد نے کبھی ان سے ملنے کی کوشش نہیں کی، اسی وجہ سے ان کے دل میں کبھی اپنے سگے والد کے لیے باپ والے جذبات نہیں آئے۔ صاحبہ نے اس انٹرویو کے تقریباً ایک ماہ بعد 11 مارچ کو اپنے سگے والد سے زندگی میں پہلی بار ملاقات کی ہے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صاحبہ جذباتی ہوتے ہوئے اپنے والد سے پوچھتی ہیں کہ میرا کیا قصور تھا جو آپ نے کبھی مجھ سے ملاقات کرنے کی کوشش بھی نہیں کی اور پیدائش کے وقت میرا چہرہ تک نہیں دیکھا۔ اداکارہ نے اپنے والد سے کہا کہ کیا آپ کو میری پیدائش کی خوشی نہیں تھی؟ آپ کے ہاں اولاد پیدا ہوئی تھی آپ مجھے دیکھنا کیوں  نہیں چاہتے تھے؟ صاحبہ کے والد نے کہا کہ مجھے معاف کردو، میں تمہاری طرف دیکھ کر بات بھی نہیں کرسکتا کیونکہ مجھے اپنی غلطی پر غصہ آتا ہے، میں بہت بوڑھا ہوچکا ہوں، اب ٹھیک سے چل بھی نہیں سکتا، اللہ نے مجھے تم سے ملوانا تھا اسی لیے میری سانسیں بچا کر رکھیں۔ اداکارہ کے والد نے کہا کہ تمہاری پیدائش سے پہلے ہی تمہاری والدہ سے علیحدگی ہو چکی تھی اور جب تمہاری پیدائش ہوئی تو کسی نے مجھے گھر میں داخل تک نہیں ہونے دیا، اسی وجہ سے پیدائش کے وقت تم سے مل نہیں سکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ اللہ نے تمہیں ریمبو جیسا شوہر نصیب کیا جو تم سے بےانتہا محبت کرتا ہے اور خوبصورت بچوں کی نعمت سے نوازا۔ صاحبہ نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر والد کے ہمراہ لی گئی چند تصاویر بھی پوسٹ کیں جن میں انہوں نے والد کے کندھے پر سر رکھا ہوا ہے، اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے زندگی میں پہلی بار اپنے والد سے ملاقات کی ہے اور انہیں دیکھا ہے۔