سی ای او ریلوے کا ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا کرنے کا دعویٰ
03-27-2024
(لاہور نیوز) سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے ریلوے ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
چیف ایگزیکٹو ریلوے عامر علی بلوچ کا کہنا ہے پاکستان ریلویز نے رواں ماہ تنخواہوں کی مکمل ادائیگی کر دی، کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی تین ہفتے تک تاخیر کا شکار تھی، ریلوے ملازمین کی انتھک محنت سے آمدن 60 ارب روپے تک پہنچ گئی، اب ملازمین کو تنخواہیں بروقت ملا کریں گی۔ انہوں نے کہا ریلوے اپنے ملازمین کو پانچ مراحل میں تنخواہیں ادا کرتا ہے، تنخواہیں ہر ماہ کی یکم، پانچ، دس، پندرہ اور پچیس تاریخ کو ادا کی جاتی ہیں، تنخواہوں کے چیک اب انہی تاریخوں میں بینک جایا کریں گے، مشکل وقت میں ساتھ دینے پر اپنے ورکرز کا شکر گزار ہوں۔ دوسری جانب ریلوے کے متعدد ملازمین نے تاحال تنخواہیں نہ ملنے کا شکوہ کیا ہے، ریلوے پریم یونین لاہور ڈویژن کی جانب سے شکوہ کیا گیا کہ تاحال سی ٹور مکمل نہیں ہو سکا، انہیں 15 تاریخ کو تنخواہ ملتی ہے، درجہ چہارم کے ملازمین کو بھی تنخواہ نہیں ملی۔ سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ عید تک ٹرینوں میں بکنگ بھی سو فیصد ہو گئی ہے، مسافروں کا ریلوے پر اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے۔