پنجاب حکومت نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبہ نظر انداز کر دیا

03-27-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے بھی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منصوبے کو نظر انداز کر دیا۔

قطار بند ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے ڈینیڈا سسٹین ایبل انفراسٹرکچر فنانس نے آسان شرائط پر قرض فراہمی کی منظوری دی، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لئے 69 ملین یورو سے زائد لاگت کا تخمینہ لگایا گیا۔ پلان کے تحت ڈینیڈا نے قرضہ اور واسا نے پلانٹ کے لئے اراضی فراہم کرنا تھی، واسا نے اراضی خریدنے کیلئے ایک ارب 27 کروڑ 4 لاکھ 57 ہزار روپے کا تقاضا کیا، واسا کی ڈیمانڈ پر پنجاب حکومت نے صرف 10 لاکھ روپے مختص کئے، اب واسا نے منصوبے کیلئے آئندہ مالی سال سے امیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ قطار بند ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ 3 سال میں مکمل ہو گا، ڈینیڈا بیرونی کنسلٹنٹ کے ذریعے منصوبے کے نفاذ کی نگرانی کرے گا، منصوبے پر 91.61 فیصد ڈینیڈا اور 8.39 فیصد پنجاب حکومت فنانس کرے گی، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے اڑھائی لاکھ کی آبادی مستفید ہو گی۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا ہے کہ اراضی کے حصول کے لئے پیش رفت ہو رہی ہے، واسا لاہور پی سی ون پر نظرثانی کر رہا ہے۔