متروکہ وقف املاک بورڈ کے ملازمین کے اہلخانہ کیلئے خصوصی پیکیج کی منظوری

03-27-2024

(لاہور نیوز) متروکہ وقف املاک بورڈ نے ملازمین کے اہل خانہ کے لئے خصوصی پیکیج کی منظوری دے دی۔

وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور ڈاکٹر عطا الرحمن کی جانب سے  متروکہ بورڈ ملازمین کو بڑا پیکیج مل گیا۔ منظور کی گئیں سفارشات کے مطابق دورانِ  ملازمت وفات پانے والے ملازم کے اہل خانہ کو سو فیصد پنشن اد اکی جائے گی۔ مرحوم ملازمین کے بچوں کو تعلیم  کے مطابق گریڈ 1 سے 15 میں نوکری فراہم کی جائے گی، مرحوم کے اہل خانہ کو ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک سرکاری گھر دیا جائے گا جبکہ   بیٹی کی شادی پر بھی  8 لاکھ روپے کی گرانٹ  دی جائے گی۔ سفارشات کی روشنی میں گریڈ 1 سے 4 تک کے ملازمین کے  اہلِ خانہ کو 6 لاکھ، گریڈ 5 سے 10 تک کے ملازمین کے اہلخانہ کیلئے 9 لاکھ  روپے امداد کی منظوری ہوئی ہے، گریڈ 11 سے 15 تک کے ملازمین کے اہل خانہ کو 12 لاکھ جبکہ گریڈ 16 اور 17 تک کے اہلخانہ کو 15 لاکھ  روپے امداد دی جائے گی۔ اسی طرح گریڈ 18 اور   19 تک کے افسران کے اہل خانہ کے لئے 24 لاکھ اور گریڈ 20 سے اوپر کے افسر کے اہل خانہ کو 30 لاکھ  روپے ادا کئے جائیں گے۔ مرحوم ملازم  کا ہاؤس بلڈنگ فنانس کی مد میں لیا جانے والا قرض بھی معاف کر دیا جائے گا جبکہ میڈیکل اٹینڈنس رولز 1990 کے تحت مرحوم کے اہل خانہ کو میڈیکل کی سہولیات بھی دی جائیں گی۔