ہم اپنا اور چین جیسے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں: عطا تارڑ
03-27-2024
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہم اپنا اور چین جیسے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نےاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو جڑسے اکھاڑنے کیلئے حکومت پاکستان پوری طرح پرعزم ہے، پاک چین لازوال دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات اس لیے کیے جاتے ہیں کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچایا جائے، ہم چینی عوام کے دکھ میں ساتھ کھڑے ہیں، ہم چائنیز سے ہمدردی اور دکھ کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ عطار تارڑ نے کہا کہ آج وزیراعظم کی زیر صدارت سکیورٹی اجلاس ہوا، جب ہماری سالمیت پر وار ہوتا ہےتو تمام پاکستانی اکٹھے ہوجاتے ہیں، ہم اپنا اور چین جیسے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، آج کے اجلاس میں سکیورٹی فورسز کے کردار کو سراہا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے حوالے سے جے آئی ٹی کے قیام پر مشاورت ہوئی ہے، ایک جے آئی ٹی بنائی جائے گی جواس واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشتگردی کی جنگ میں جانوں کے نذرانے پیش کیے ، ہم 2018میں پرامن پاکستان چھوڑ کرگئے تھے، 2013میں جب آئے تو آئے روز دہشتگردی کے واقعات ہوتے تھے،اب دہشتگردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، جب تک دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کوجڑسے اکھاڑنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، چینی قوم اور قیادت کیلئے ہمارے بہت مثبت جذبات ہیں، چین نے پاکستان کا ہرمشکل وقت میں ساتھ دیا۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا یکم اپریل کو اجلاس ہو رہا ہے ، اپوزیشن بھی قومی اسمبلی میں دہشتگردی کے معاملے پر کردار ادا کرے، بانی پی ٹی آئی اپنے قول وفعل کے خود ذمہ دار ہیں، بانی پی ٹی آئی قانون کے مطابق اپنے قول وفعل کی سزابھگت رہے ہیں۔