غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ: پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت خارج

03-27-2024

(لاہور نیوز) غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردی گئیں۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ گزشتہ سماعتوں کے دوران چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے رانا سعید راں ایڈووکیٹ جبکہ سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی جانب سے خاقان معظم ملک ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ پراسیکیوشن ٹیم نے  دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ  پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی پر پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں کا الزام ہے، ملزمان نے فیل اُمیدواروں کو پاس کیا اور ان کو گریڈ 17 میں ملازمت دی۔  ملزمان کے وکلاء کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق پرنسپل سیکرٹری کا بھرتی کے عمل میں کوئی کردار نہیں تھا۔ بعدازاں عدالت نے فریقین کے دلائل کی روشنی میں ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا، آج فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔