چیئرمین واپڈ کا داسو منصوبے کا دورہ ، چینی انجینئرز سے اظہاریکجہتی

03-27-2024

(ویب ڈیسک) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے داسو پراجیکٹ کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کے  دورے کا مقصد داسو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز سے اظہار یکجہتی تھا، چینی سفیر بھی اس موقع پر چیئرمین واپڈا کے ہمراہ تھے۔ چینی سفیر اور چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ سائٹ پر چینی ورکرز کے ساتھ وقت گزارا، چیئرمین واپڈا کوچینی تعمیراتی کمپنی کے کنسٹرکشن کیمپ کا دورہ بھی کرایا گیا۔  چیئرمین واپڈا نےچینی انجینئرز کو پیش آئے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی ، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور  سائٹ پر موجود چینی انجینئرز سے تعزیت کا اظہار کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، امید ہے واقعہ کے ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ فریقین کی مشاورت سے داسو سمیت واپڈا منصوبوں پر سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، پن بجلی منصوبوں کی تعمیر میں چین کی تعمیراتی کمپنیوں  کے کردار کو سراہتے ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں باہمی تعاون میں دراڑ ڈالنے میں ناکام رہیں گی، ہم دہشت گردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔