صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین منتخب

03-27-2024

(ویب ڈیسک) بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔

پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محمد اورنگزیب کے وفاقی وزیر بننے پر چیئرمین پی بی اے کا عہدہ خالی ہوا تھا، ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور پر ظفرمسعود کو چیئرمین منتخب کیا گیا۔ ظفر مسعود اب تک سینئر وائس چیئرمین پاکستان بینکس ایسوسی ایشن خدمات انجام دے رہے تھے، صدر فیصل بینک یوسف حسین کو سینئر وائس چیئرمین پی بی اے مقرر کیا گیا ہے۔ ایم ڈی سٹی بینک پاکستان احمد خان بوزئی وائس چیئرمین پی بی اے مقرر ہوگئے ہیں۔ جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پی بی اے کو یقین ہے کہ نئی قیادت مؤثر انداز سے اپنا کام جاری رکھے گی، پی بی اے سٹیٹ بینک سمیت اہم سٹیک ہولڈرز سے بینکوں کے روابط بنائے رکھے گی۔ پی بی اے کے اعلامیے میں کہا گیا کہ نئی قیادت ٹیکنالوجی،کمپلائنس اور مالی شمولیت بڑھانا جاری رکھے گی، نئی قیادت ایس ایم ایز اور پاکستان کے لیے اہم منصوبوں کی فنانسنگ پر توجہ دے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا پی بی اے محمد اورنگزیب کی بطورچیئرمین کاوشوں کا اعتراف کرتی ہے۔