عثمان خان نے یو اے ای کا سنٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا
03-27-2024
(ویب ڈیسک) نوجوان بیٹر عثمان خان نے یو اے ای کو سنٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا، وہ آئندہ سال اماراتی ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہو سکتے تھے مگر اب تمام کشتیاں جلا کر پاکستان کی نمائندگی کرنے کیلئے تیار ہیں۔
پی سی بی نے عثمان خان کو کاکول میں جاری فٹنس کیمپ کا حصہ بنایا ہے، انہوں نے پی ایس ایل 9 میں ملتان سلطانز کی جانب سے عمدہ پرفارم کیا۔ عثمان خان 2 سنچریوں اور 2 ہی نصف سنچریوں کی مدد سے 430 رنز بنا کر بیٹرز میں دوسرے نمبر پر رہے، اس کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ ان کی جانب مبذول ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ عثمان خان نے گزشتہ روز امارات کرکٹ بورڈ کو اپنا سنٹرل کنٹریکٹ ختم کرنے کا نوٹس بھیج دیا، اس میں انہیں پی سی بی سے بھی قانونی مشاورت ملی، وہ اب مکمل طور پر پاکستان کرکٹ میں اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔