سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے پر اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ بارز کے اجلاس آج طلب

03-27-2024

(لاہور نیوز) ججز کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے کے بعد اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹ بارز نے آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عدالتی امور میں مداخلت کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے گزشتہ روز سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا، خط جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کی جانب سے لکھا گیا ہے۔ خط میں عدالتی امور میں ایگزیکٹو اور ایجنسیوں کی مداخلت کا ذکر کیا گیا، اس کے علاوہ عدالتی امور میں مداخلت پر جوڈیشل کنونشن طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، خط میں لکھا گیا کہ کنونشن سے عدلیہ کی آزادی بارے مزید معاونت ملے گی، چیف جسٹس ہائیکورٹ کو مداخلت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کیلئے بھی لکھا مگر کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے آج صبح ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ بار اجلاس کے بعد لائحہ عمل دے گی، صدر اور سیکرٹری بار کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں تمام ممبران کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے کے معاملہ پر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ صدر ہائیکورٹ بار اسد منظور نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار عدلیہ کی آزادی کیلئے پوری طرح ججز کے ساتھ ہے، ‏6 ججز کے خط سے متعلق لاہور ہائیکورٹ بار کا ہنگامی اجلاس بھی آج طلب کر لیا گیا ہے۔