وزیراعلیٰ کی ٹرینی سب انسپکٹر سے ملاقات، ایم پی اے کے سلوک پر اظہار ندامت

03-26-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے ملاقات کی، سی سی پی او بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایم پی اے کے سلوک پر ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے اظہار ندامت کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس واقعہ پر میں بہت شرمندہ ہوں، وزیراعلیٰ نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے پورا واقعہ سنا۔ ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے بتایا کہ روٹین کا گشت کررہے تھے، دو گاڑیاں گزر رہی تھیں، باغبانپورہ کے علاقے شادی پورہ میں گاڑی کے سیاہ شیشے دیکھ کر روک کر چیک کیا، ایم پی اے نے اتر کر کہا کہ میں اس علاقے کا ایم پی اے ہوں، آپ نے چیک کیوں کیا ہے۔ یاسر نصیب نے مزید بتایا کہ میں نے ایم پی اے کو بتایا کہ میری ڈیوٹی ہے، میں نے اپنی ڈیوٹی کی ہے، کوئی بری بات نہیں، ایم پی اے نے کہا کہ میرے علاقے میں مجھے روک کر چیک کرنے سے میری عزت نفس مجروح ہوئی ہے، ایم پی اے نے مجھ سے سر عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ آئندہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے، آپ نے کسی سے نہیں ڈرنا، ذمہ داری پوری کرنے پر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی، آپ کا کام یہی ہے اور آپ نے اپنا کام اچھے طریقے سے کرنا ہے، ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو یا چیف منسٹر ہو، قانون سے بڑا کوئی نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آپ نے ٹھیک کیا، اس بات پر دل چھوٹا نہ کریں، میں نے اپنے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس دیا ہے، ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، وزیراعلیٰ نے یاسر نصیب کی ٹرانسفر کے بارے میں سی سی پی او سے استفسار کیا اور کہا کہ اس قسم کا کوئی واقعہ ہو تو مجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا۔ مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ ایم پی اے کو شکایت تھی تو اسے میرے پاس آنا چاہئے تھا، انکوائری کے بعد ہم ایکشن لیتے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ہم سب کو قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہئے تاکہ باقی لوگوں کے لئے مثال بنیں۔