کرکٹ آسٹریلیا نے پاک بھارت سیریز کرانے میں دلچسپی ظاہر کردی

03-26-2024

(ویب ڈیسک) کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان اور بھارت کے مابین سیریز کرانے میں دلچسپی ظاہر کردی۔

کرکٹ آسٹریلیاکا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کی میزبانی کرکے اچھا لگے گا لیکن اگلے سیزن کے دوران ممکن نہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے آسٹریلیا کے اگلے سیزن میں آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا پاکستان بھارت کے ساتھ مل کر سہ فریقی سیریز کے انعقاد کی آئندہ کوشش کرے گا، کرکٹ آسٹریلیا نے سہ فریقی سیریز میں حریف ممالک کی میزبانی کا موقع ضائع کردیا ہے۔ آپریشنز منیجر پیٹر روچ نے کہا کہ رواں سال پاکستان، آسٹریلیا اور بھارت کی سہ فریقی سیریز کرانے کا موقع نہیں ہے، نومبر میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے آسٹریلیا میں موجود ہونا ہے، ہمارے پاس ایف ٹی پی میں سہ فریقی سیریز نہیں ہے، ہم ہمیشہ اس میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ ایسے مواقع پیدا کیے جائیں کہ جس میں فینز کی زیادہ دلچسپی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کا ہر کوئی ملک پاک بھارت مقابلہ اپنے ملک میں ہوتے دیکھنا پسند کرتا ہے، ہم یہ بات ریکارڈ پر کہتے ہیں کہ ہم ایسے ممالک میں شامل ہیں جنہوں نے اس حوالے سے سوال اٹھایا ہے البتہ ابھی ہمارے پاس شیڈول میں جگہ نہیں ہے، ہم اس حوالے سے کام جاری رکھیں گے لیکن اس وقت شیڈول میں تبدیلی نہیں ہورہی۔