شانگلہ : بشام میں گاڑی پرحملہ ،پانچ چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک

03-26-2024

(لاہور نیوز) قراقرم ہائی وے پر لاہور نالہ کے قریب بشام میں گاڑی پر حملے میں پانچ چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی گنڈا پور نے بتایا ہے کہ حملے میں ہلاک ہونیوالے پانچ افراد غیرملکی  باشندے ہیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حملہ خودکش ہے لیکن تحقیقات جاری ہیں ۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق واقعہ کے مقام پر امدادی کاروائیاں جاری ہیں،  مسافروں کی گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے جسے دیگر زخمیوں کے ساتھ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی کہ یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا ۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔