گیس ٹیرف بڑھانے کیلئے آئی ایم ایف کا دباؤ نہیں: چیئرمین اوگرا

03-26-2024

(ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین مسرور احمد خان کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمت بڑھانے کیلئے آئی ایم ایف کا دباؤ نہیں، ٹیرف بڑھانا مجبوری ہے ورنہ گیس کمپنیاں بند ہو جائیں گی۔

چیئرمین اوگرا مسرور احمد خان نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس ٹیرف میں اضافے کی درخواست پر سماعت کی۔ چیئرمین اوگرا نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر گیس قیمت بڑھائی جا رہی ہے، یہ درخواست کمپنیوں کے اخراجات اور سرکلر ڈیٹ بڑھنے کی وجہ سے آئی ہے اور اس پر ہمارے ماہرین غور کریں گے، ضروری نہیں سارا اضافہ کریں تاہم جو بھی اضافہ ہوا وہ جولائی سے لاگو ہوگا، سٹیک ہولڈرز اور صنعت کاروں نے مجوزہ اضافے کی سخت مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی گیس کئی سو گنا مہنگی کی جا چکی ہے، عام آدمی، کمرشل اور صنعتی صارفین موجودہ گیس بل دینے کے قابل نہیں رہے، گیس استعمال کرنے والے کنکشن کٹوا رہے ہیں۔ واضح رہےکہ گیس کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران دو مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ سوئی ناردرن حکام نے مزید 150 فیصد اضافے کے لیے درخواست اوگرا میں جمع کرائی ہے۔