عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد پر عملدرآمد یقینی بنائے: وزیراعظم

03-26-2024

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرارداد کو خوش آئند قرار دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے سکیورٹی کونسل کی قرار داد پر عملدرآمد یقینی بنائے، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری صیہونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں خواتین اور بچے شہید ہوئے، غزہ میں اسرائیل نے ہسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کونشانہ بنایا جو انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی فلسطینی ریاست کے حصول کیلئے حمایت جاری رکھے گا۔