الیکٹرانک میڈیا ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت کا ساتھ دے: شہبازشریف

03-25-2024

(لاہورنیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کرنے والے وفد میں میاں عامر محمود، شکیل مسعود، میرابراہیم اور سلطان لاکھانی شامل تھے، ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسر بھی موجود تھے، وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایسے وقت میں اقتدار سنبھالا ہے جب ملک کو بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، معیشت کو پٹڑی پر لانا سب سے بڑا چیلنج ہے، وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی معاشی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ خسارہ زدہ حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات، اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری اور کفایت شعاری حکومتی ترجیحات ہیں، حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی کے لئے کمیٹی بنادی گئی ہے جو جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سو فیصد ڈیجیٹلائزیشن کے لئے بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے ٹیکس دہندگان، برآمد کنندگان اور خواتین انٹرپرینیورز کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی، ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے، معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں الیکٹرانک میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیک نیوز ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس کی روک تھام میں مین سٹریم میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے، امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔