صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت اجلاس، رمضان پیکیج پر عملدرآمد کا جائزہ
03-25-2024
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکیج کی نگران وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں رمضان پیکیج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی، قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا، وزارتی کمیٹی نے گزشتہ تین روز میں چکن کی قیمتوں میں اضافہ پر اظہار تشویش کیا اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا رمضان کے آخری عشرے میں پولٹری کی مارکیٹ میں سپلائی پر کڑی نظر رکھی جائے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے رمضان پیکیج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر کامیابی سے جاری ہے، اب تک 49 لاکھ سے زائد گھرانوں کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا عوام کو ماہ مقدس میں معیاری اشیاء ضروریہ سستے داموں مل رہی ہیں، سپلائی کی صورتحال بہتر ہونے سے قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے، فوڈ اتھارٹی کے افسران کو اضلاع میں زیادہ متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔