آئی جی پنجاب کی ہدایت پر بیمار پولیس ملازمین کیلئے 11 لاکھ روپے کے فنڈز جاری
03-25-2024
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت مختلف اضلاع کے بیمار پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو طبی اخراجات کیلئے مزید 11 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سینٹرل پولیس آفس میں ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف اضلاع کے بیمار پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو طبی اخراجات کیلئے مزید 11 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ جاری کردہ فنڈز میں سے خانیوال کے کانسٹیبل محمد رفیق مرحوم کے بیٹے روحیل رفیق کو کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے 3 لاکھ 62 ہزار روپے، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد شریف کو اہلیہ کے لیور ٹیومر کے علاج کیلئے اڑھائی لاکھ روپے، سپیشل برانچ کے کانسٹیبل امتیاز احمد کو اہلیہ کے علاج کیلئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے دئیے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ڈرائیور کانسٹیبل محمود رضوان کو ٹانگ فریکچر کے علاج کیلئے 1 لاکھ 50 ہزار روپے، راولپنڈی کے کانسٹیبل محمد سلیم کو علاج معالجے کیلئے 1 لاکھ روپے دیئے گئے۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے پولیس فورس اور انکے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیا ہے، پولیس ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن کو فورس کی صحت ، تعلیم اور فلاح وبہبود کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔