کمشنر لاہور کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس، قیمتوں کا تفصیلی جائزہ
03-25-2024
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پرائس کنٹرول، رمضان پیکیج اور پتنگ بازی کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے طلب و رسد کیمطابق دالوں، چکن اور گوشت کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پہلے رمضان سے لیکر اب تک اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، آلو، پیاز، لہسن اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لاہور نے کہا عید کے حوالے سے ابھی تیاری کی جائے، عید پر کچھ اشیاء کی ڈبل سپلائی منگوائی جائے، لاہور ڈویژن میں 6 لاکھ 69 ہزار 504 مستحقین کو انکے گھروں کی دہلیز پر رمضان نگہبان پیکیج فراہم کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا پرائس کنٹرول کیلئے ضلعوں کی کارکردگی مناسب ہے لیکن ہر مجسٹریٹ کی کارکردگی قابل اطمینان نہیں، اضلاع فوری طور پر پتنگ بازی پر پابندی کو سو فیصد نافذالعمل بنانے کیلئے اداروں کے ہمراہ ایکشن لیں۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، اے سی آر اظہارالحق باجوہ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی شہزاد چیمہ، ڈائریکٹر انڈسٹریز محمد اظہر، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عبدالباری نے شرکت کی جبکہ تمام اضلاع کے ڈی سیز کی بزریعہ ویڈیو لنک شرکت ہوئی۔