عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملہ کیس کے تین ملزمان کی ضمانتیں منظور
03-25-2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے اچھرہ میں عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملے کے کیس کے تین ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے ملزمان کی جانب سے دائرضمانت بعدازگرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے تین ملزمان التمش ، ندیم اور عادل کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواستیں منظور کرلیں۔ علاوہ ازیں دو ملزمان مولانا علیم الدین شاکر اور خالد شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے، پولیس نے دونوں ملزمان کو بے گناہ قرار دے دیا جس پر ملزمان نے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواستیں واپس لے لیں۔ تفتیشی افسر نے مؤقف اپنایا کہ ملزمان مولانا علیم الدین شاکر اور خالد شاہ کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔ پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کو بے گناہ قرار دینے پر عدالت نے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دیں۔ واضح رہے کہ ملزمان پر عربی لباس پہننے پر خاتون پر حملے کا مقدمہ تھانہ اچھرہ میں درج ہے۔