وہ کونسی وجوہات ہیں جو مچھروں کوآپ کی جانب زیادہ متوجہ کرتی ہیں؟ماہرین کی تحقیق جاری

03-24-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین نے جاری کردہ تحقیق میں مچھروں کو زیادہ متوجہ کرنیوالی وجوہات بیان کردیں۔

ماہرین کے مطابق اگر دیگر افراد کے مقابلے میں مچھر آپ کو زیادہ کاٹتے ہیں تو اس کی وجہ آپ کی جسمانی مہک ہے۔حالیہ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ جو افراد مچھروں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، ان کی جِلد سے carboxylic acids کا اخراج زیادہ ہوتا ہے۔ سائنسدان مسلسل جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر مخصوص جسمانی بو مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش کیوں ہوتی ہے؟ ابھی اس کا جواب مکمل طور پر تو معلوم نہیں ہو سکا مگر یہ ضرور معلوم ہوچکا ہے کہ جینز، جلد پر موجود بیکٹریا اور ورزش وغیرہ اس حوالے سے کردار ادا کرنے والے عناصر ہیں۔ اس کے علاوہ بھی چند عناصر اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں،مثال کے طور پر مچھر گہرے رنگ کے لباس پہننے والے افراد کی جانب زیادہ متوجہ ہوتے ہیں۔مچھر زیادہ تر اپنی بینائی کو شکار کے لیے استعمال کرتے ہیں تو گہرے رنگ جیسے سیاہ، نیوی بلیو اور سرخ ان کی توجہ کا زیادہ مرکز بنتے ہیں۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیاہ رنگ مچھروں کا پسندیدہ ہے،ایک عام خیال یہ بھی ہے کہ مچھر خون کے مخصوص گروپس کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔بلڈ گروپ کا تعین جینز سے ہوا ہے اور ہر گروپ کے لیے مخصوص پروٹینز کی ضرورت ہوتی ہے۔ اے، بی، اے بی اور او 4 بڑے بلڈ گروپس ہیں، ویسے تو اس حوالے سے حتمی طور پر طے نہیں ہوسکا کہ خون کا کونسا گروپ مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش ہے مگر کچھ تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ او بلڈ گروپ مچھروں کی اشتہا بڑھاتا ہے۔