'کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے'ہاکی فیڈریشن کو اسپتال میں پڑے بے یارومددگار گول کیپر کا خیال آگیا

03-24-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نئے صدر طارق بگٹی اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں گھٹنےکی انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہونے والے قومی ہاکی ٹیم کے گول کیپر کی عیادت کو پہنچ گئے۔

رپورٹ کے مطابق پی ایچ ایف کے نو منتخب سربراہ طارق حسین بگٹی نے لاہور کے جناح اسپتال میں گول کیپر وقار یونس کی عیادت کی اور فیڈریشن کی طرف سے علاج معالجے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ گول کیپر وقار یونس اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے، ٹیم انتظامیہ نے ہاکی پلیئر سے 200 ڈالرز کا ڈیلی الاؤنس تک واپس لیکر وطن بھیج دیا تھا، جس کے بعد گول کیپر نے اپنی مدد آپ کے تحت جناح اسپتال لاہور میں گھٹنے کا آپریشن کروایا۔ واضح رہے کہ وقار یونس نے فیڈریشن اور ٹیم انتظامیہ کی طرف سے نہ پوچھنے پر بےحسی کا شکوہ کیا تھا۔