پنجاب حکومت نے لاہور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پلان کو حتمی شکل دیدی

03-24-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے لاہور میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے پلان کو حتمی شکل دے دی۔

وزیر اعلی ٰپنجاب  مریم نواز نے گرین اور اورنج لائن کے بعد لاہور میں  بلیو اور پرپل لائن تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے دو نئی لائنز کا روٹ تیار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ اینٹی گریڈ سسٹم کے تحت لاہور میں 108 کلومیٹر کا ماس ٹرانزٹ سسٹم بچھایا جائے گا، بلیو لائن اور پرپل لائن کے مجوزہ روٹس کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔  ذرائع نے بتایا ہے کہ بلیو لائن کا روٹ ٹاؤن شپ سے جیل روڈ براستہ گلبرگ تجویز کیا گیا ہے،بلیو لائن ٹاؤن شپ، فیصل ٹاؤن، برکت مارکیٹ، مین بلیوارڈ گلبرگ کے علاقوں سے گزرے گی۔ ادھر  پرپل لائن بھاٹی گیٹ، اردو بازار، صفاں والا چوک، ریلوے سٹیشن، علامہ اقبال روڈ اور کینٹ سے ہوتے ہوئے گزرے گی۔ شہر میں بننے والی دو نئی میٹرو لائنز کی فزیبلٹی کے لیے انٹرنیشنل فرمز کا بھی سہارا لیا جائے گا۔