سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی نماز جنازہ ادا، کراچی میں سپردخاک
03-24-2024
(لاہور نیوز) سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ و سابق سیکرٹری خارجہ شہریار خان کو کراچی میں سپردخاک کردیا گیا۔
دومرتبہ چیئرمین پی سی بی رہنے والے 89 سالہ شہریار خان ہفتہ کے روز لاہور میں انتقال کر گئے تھے، شہریار خان پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کے ماہر تصور کیے جاتے تھے۔ ان کی نماز جنازہ ان کی آبائی رہائش گاہ بھوپال ہاؤس ملیر سٹی میں ادا کی گئی جس میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سابق سیکرٹری خارجہ نجم الدین شیخ، سابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری، سرفراز احمد و دیگر نے شرکت کی۔ تدفین کے موقع پر ایم کیو ایم کی رہنما سابق ڈپٹی ناظم کراچی نسرین جلیل، رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق، پروفیسر اعجاز احمد فاروقی اور نواب گھرانوں کی شخصیات، سفارت کار و دیگر بھی موجود تھے۔ شہریار خان کی قبرپر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، سابق چیئرمین نجم سیٹھی اور ذکاء اشرف کی طرف سے بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ نواب گھرانے سے تعلق رکھنے والے شہریار خان 29 مارچ 1934ءکو لکھنؤ بھارت میں پیدا ہوئے، شہر یار خان پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں،وہ برطانیہ اور فرانس میں پاکستان کے سفیر بھی رہے۔ شہر یارخان بھارتی ریاست بھوپال کےحکمران نواب حمید اللہ خان کی صاحبزادی عابدہ سلطانہ کے اکلوتے بیٹے تھے، شہزادی عابدہ سلطانہ بھی برازیل میں سفیر رہیں، شہریارخان بھارتی اداکار سیف علی خان کے والد اور بھارت کے سابق ٹیسٹ کپتان نواب منصور خان پٹودی کے کزن تھے۔ سابق چیئرمین پی سی بی ہفتہ کو اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد خالق حقیقی سے جاملے، مرحوم نے پسماندگان میں بیوہ اور 4 بچے چھوڑے ہیں۔