ضمنی الیکشن: مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری
03-24-2024
(لاہور نیوز) ضمنی الیکشن 2024 کیلئے مونس الہٰی کے پی پی 158 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
پی پی 158 کی ریٹرننگ افسر انعم فاطمہ نے مونس الہٰی کے کاغذات مسترد کرنے کا فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی الیکشن ایکٹ 2017 کےسیکشن 62 (9) کے تحت مسترد کیے جاتے ہیں، مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی کی 21 مارچ کو جانچ پڑتال ہوئی۔ ریٹرننگ افسر نے فیصلے میں لکھا کہ مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض تھا کہ وہ اشتہاری قرار دیئے جاچکے ہیں، مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی پر 180 کنال سے زائد کی زمین کا انکم ٹیکس اور زرعی آمدن کا ذکر نہ کرنے کا بھی اعتراض تھا۔ فیصلے میں لکھا گیا کہ امیدوار کے وکیل اعتراضات سے متعلق تفصیلات بتانے میں ناکام رہے، مونس الہٰی کا وکیل 180 کنال اراضی سے متعلق کوئی دستاویزات فراہم نہیں کرسکا۔ فیصلے میں مزید لکھا گیا کہ عام انتخابات2024 میں بھی مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، مونس الہٰی کے اشتہاری ہونے سے متعلق اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں۔