وفاقی وزیر رانا تنویر کا آئندہ برس تک مہنگائی میں کمی کا عندیہ
03-24-2024
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر نے آئندہ برس تک مہنگائی میں کمی کا عندیہ دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن و وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ ڈیڑھ برس مشکل ہے اس کے بعد مہنگائی کم ہو جائے گی، امید ہے 2025 کے آخر تک مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر لے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکیج بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کر دیا، رمضان پیکیج میں 19 اشیاء دی جا رہی ہیں، رمضان میں ریلیف فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، پنجاب میں مریم نواز نے رمضان نگہبان پیکیج شروع کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی کا سلسلہ ابھی چل رہا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر کم قیمت پر اچھی کوالٹی کی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا آدھی قیمت پر مل رہا ہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کی قیمت 1300 کی بجائے 600روپے وصول کی جارہی ہے، چینی کی قیمت میں 44 روپے فی کلو کمی کی ہے، رمضان کے بعد وزیراعظم سے بات کروں گاکہ سبسڈی بڑھا کر وافر مقدار میں لوگوں تک یہ سہولت فراہم کی جائے۔