خواجہ سراؤں کیخلاف ہراسانی میں اضافہ لیکن حفاظت نہیں ہو رہی: شہزادی رائے
03-24-2024
(ویب ڈیسک) خواجہ سرا رہنما اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) میں خواجہ سرا کمیونٹی کی پہلی رکن شہزادی رائے کا کہنا ہے کہ معاشرے میں خواجہ سراؤں کے خلاف ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے مگران کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
کراچی پریس کلب کے سامنے عورت مارچ اور مورت مارچ کی جانب سے خواجہ سراؤں پر ہونے والے تشدد اور ہراسانی کے خلاف احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شہزادی رائے کا کہنا تھا کہ ملک میں خواجہ سراؤں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے لیکن حفاظت نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر انتہا پسندوں کے ہجوم نے حملہ کیا لیکن ابھی تک کسی نے بھی اس واقعے کی مذمت تک نہیں کی۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا کر خواجہ سراؤں کے خلاف پرتشدد واقعات کے خلاف نعرے لگائے اور سخت احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔