پنجاب حکومت کا صوبے بھر میں ایک لاکھ سستے گھر تعمیر کرنے کا منصوبہ
03-23-2024
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ایک لاکھ سستے گھر تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔
ضلعی حکومتوں اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی نے اراضی کی نشاندہی کے لئے کام شروع کر دیا، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی اور آشیانہ ہاؤسنگ کی اراضی استعمال میں لانے کی تجاویز زیر غور ہیں، پی ایل ڈی سی کی چھ ہزار کنال سے زائد اراضی پر گھر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔ شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ اربوں روپے مالیت کی اراضی پی ایل ڈی سی کو دی گئی تھی اور قیمتی اراضی پر سستے گھر بنانے کا ٹاسک سونپا گیا تھا، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی صرف آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کا فیز ون بنا کر خاموش ہو گئی۔ ماضی میں آشیانہ قائد لاہور کی 672 کنال اراضی میں سے 520 کنال اراضی پر تعمیرات کی گئیں، آشیانہ قائد لاہور کی باقی ماندہ 152 کنال اراضی پر سستے گھر بنانے کی تجویز دی گئی، آشیانہ اقبال لاہور کے لئے ایکوائر کی گئی 3160 کنال قیمتی اراضی کو بھی اس پراجیکٹ میں شامل کرنے کی تجویز ہے۔ پنجاب کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، ضلعی حکومتیں اور پھاٹا اراضی ایکوائر سے متعلق رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو پیش کریں گے۔