یومِ پاکستان کی مناسبت سے سی بی ڈی پنجاب میں پُروقار تقریب
03-23-2024
(لاہور نیوز) یومِ پاکستان کی مناسبت سے سی بی ڈی پنجاب میں پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں چیف آپریٹنگ آفیسر سی بی ڈی بریگیڈیئر ریٹائرڈ منصور جنجوعہ نے خصوصی شرکت کی، پرچم کشائی کے موقع پر ملک و قوم کی سالمیت اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ سی او او سی بی ڈی پنجاب بریگیڈیئر ریٹائرڈ منصور جنجوعہ کا کہنا تھا کہ آج کا دن تاریخ میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، آج کے دن آباؤ اجداد نے ایک الگ ملک کی بنیاد رکھی تھی، ایک ایسا ملک جہاں پر اسلامی قوانین کے مطابق ہم آزادی سے رہ سکیں۔ ان کا کہنا تھا آج کے دن ہم سب کو اس بات کا عہد کرنا ہے کہ ہم اتحاد، تنظیم اور نظم و ضبط کی اعلیٰ اقدار کو تھام کر اس ملک کی ترقی کے لئے دن رات محنت کریں گے، ہم نے پاکستان کو وہ ریاست بنانا ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔