یوم پاکستان : پنجاب میں اعلیٰ ترین سول اعزازات دینے کی تقاریب

03-23-2024

(ویب ڈیسک) یوم پاکستان کے موقع پر پنجاب میں سول اعزازات دینے کی تقاریب ہوئی، تعلیم ، صحت ،کھیل ، فن اور تعمیرات سمیت مختلف شعبوں سے منسلک افراد کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے گورنر ہاؤس پنجاب میں اعزازات دینے کی تقریب جاری ہے جس میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اہم شعبوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو سول اعزازات سے نوازا۔ گورنر پنجاب نے ڈاکٹر ندیم جاوید کو گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ستارہ امتیاز سے نوازا، ان کو سی پیک کی طویل المیعاد منصوبہ بندی کے اعتراف میں ستارہ امتیاز دیا گیا۔ ڈاکٹر ندیم جاوید کو 2022ء میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے منصوبے کے اعتراف میں بھی ایوارڈ دیا گیا، منصوبہ بندی کمیشن میں اصلاحات کے حوالے سے بہترین خدمات انجام دینے پر بھی ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔ تعلیم کے شعبے میں شاندار کارکردگی پر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا، اسی طرح اداکاری میں بہترین کارکردگی پر سجل علی کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ جگن کاظم کو بہترین اداکاری پر تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ، ڈاکٹر شاہد منیر، ڈاکٹر محمد یار، ڈاکٹرعامرسعید، ڈاکٹر محمد ضیا کو تمغہ امتیاز سے نوازا گیا جبکہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کو تمغہ امتیاز دیا گیا۔