پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے: صدر مملکت

03-23-2024

(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے۔

یوم پاکستان پر پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعظم پاکستان اور مسلح افواج کے سربراہان کو سلام اور پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، آج کا دن ہمارے لئے قومی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا، قائد اعظم کی قیادت میں 7 سال بعد ایک آزاد اور خودمختار ریاست قائم کی، پاکستانی قوم قیام پاکستان سے اب تک مختلف نشیب و فراز سے گزری ہے۔ ’الحمدللہ آج ہم دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں‘ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ الحمدللہ آج ہم دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں، ہم نے بہت مشکلات کے باوجود دفاعی، صنعتی، ٹیکنالوجی و دیگر شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں، دنیا امن اور دہشتگردی کے خلاف ہمارے کردار اور قربانیوں کو مانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی اورمستقبل کے امین ہیں، پاکستان کے عوام محنتی اور ذہنی طور پر بہترین ہے، اس وقت پاکستان کو مختلف معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، بڑھتی آبادی، بیروزگاری اور غربت بڑے چیلنجز ہیں۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان میں انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہو چکی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کو مل کر حل کریں، ماضی میں بھی مشکلات کا مقابلہ کیا، اسی طرح آج بھی پاکستان کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔ ’تمام سیاسی جماعتیں مسائل کے حل کیلئے ملکر کام کریں‘ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں۔ صدر مملکت نے پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دینے کیلئے چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی عمل میں لائی جا چکی ہے، انسانی وسائل کی ترقی، ہنرمندی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، توانائی، گڈگورننس پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، قوم مایوس نہ ہو،ہم پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط و خودکفیل بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی اتفاق رائے کے ساتھ مؤثر حکمت عملی، دانشمندانہ انتظام، صوبوں اور وفاق کے مابین بہتر روابط کی اشد ضرورت ہے۔ ’بین الاقوامی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کرائے‘آصف علی زرداری نے کہا کہ غزہ میں جاری تشدد اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر گہری تشویش ہے، بین الاقوامی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی کرائے اور اسرائیل کو ظالمانہ اقدامات سے روکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان حق خود ارادیت کی جائز جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اقوام متحدہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے، ہم بھارت کے تمام غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی منافی اور کشمیریوں سے ان کی شناخت چھیننے کی کوشش ہے، غیر قانونی بھارتی زیر تسلط جموں وکشمیر کے عوام 77 سال سے اپنا حق مانگ رہے ہیں، خطے میں عدم استحکام کی بڑی وجہ بھارتی توسیع پسندانہ عزائم اورجموں وکشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہے۔